ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل ، بنگلور، مینگلور، اُڈپی، چکمنگلور، ہاسن سمیت ریاست کرناٹک کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری؛ عام زندگی درہم برہم

بھٹکل ، بنگلور، مینگلور، اُڈپی، چکمنگلور، ہاسن سمیت ریاست کرناٹک کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری؛ عام زندگی درہم برہم

Thu, 15 Jul 2021 20:14:09    S.O. News Service

بھٹکل 15 جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل سمیت ریاست کرناٹک کے کئی شہروں مینگلور، بنگلور، اُڈپی، چکمنگلور، ہاسن، کورگ، شموگہ،  ہاویری وغیرہ میں گذشتہ چار پانچ دنوں سے مسلسل بارش کا سلسلہ جار ی ہے جس سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔

بھٹکل  اور ساحلی کینرا میں قریب ایک ہفتہ سے   موسلادھار بارش جاری ہےاور روزانہ قریب سو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جارہی ہے۔ ہوناور ، کمٹہ،   انکولہ اور کاروار میں بھی  مسلسل بارش جاری ہے، اسی طرح پڑوسی اضلاع اُڈپی اور دکشن کنڑا میں بھی  ایک  ہفتہ سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے  جس سے عام زندگی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔

اُڈپی سے ملی اطلاع کے مطابق ضلع میں اُڈپی سمیت برہماور، کاپو،  کنداپوراور بیندور تعلقہ کے کئی علاقوں میں گھروں پر درختوں کے گرنے سے گھروں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ بدھ اور جمعرات کو ہوئی زبردست بارش کے نتیجے میں اُڈپی میں 74 اور کنداپور میں 26 بجلی کے کھمبے گرنے کی خبر ہے اور اُڈپی  الیکٹری سٹی کو   10.55 لاکھ مالیت کا نقصان ہوا ہے۔

بارش سے نقصانات کی خبریں چکمنگلور سے بھی آرہی ہیں جہاں کئی درخت گھروں پر گرنے   اور بجلی کے کھمبے گرنے سے  کافی نقصان پہنچا ہے۔

ضلع اُترکنڑا کے کاروار میں بھی بدھ اور جمعرات کو زبردست بارش ریکارڈ کی گئ ہے جس کے نتیجے میں  کدرا ڈیم سے  10050 کیوسک پانی کا اخراج کیا گیا ہے۔  بدھ کو کدرا ڈیم  میں 31.36 میٹر  پانی جمع تھا، جمعرات کو دی گئی اطلاع  کے مطابق  31.11  میٹر پانی جمع ہے، اس ڈیم   کا ہجم   34.50 میٹر ہے۔

بھٹکل میں بدھ سمیت جمعرات کو بھی صبح سے شام تک موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، البتہ اس بار شمس الدین سرکل ، رنگین کٹہ یا کسی اور جگہ پر پانی جمع ہونے کی اطلاعات نہیں ملیں، بتایا گیا تھا کہ لاک ڈاون کے دوران میونسپالٹی اور تعلقہ انتظامیہ نے پانی کی نکاسی کے لئے  پیشگی اقدامات کررکھے تھے اور نالیوں کو بروقت صاف کردیا گیا تھا۔ البتہ  نیشنل ہائی وے سے متصل تینگن گنڈی کراس پر  کافی  مقدار میں  پانی جمع دیکھا گیا۔ 

بارش سے  ویسے تو   عام زندگی مفلوج رہی ، لوگوں کو گھر سے نکلنے میں دقتیں پیش آئیں، لیکن کہیں سے زیادہ نقصانات کی اطلاعات نہیں ملی  ہیں۔

 


Share: